کراچی: معروف سماجی کارکن رمضان چھپا نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران قوال امجد صابری کے آخری غسل سے متعلق ایک ایسا واقعہ بیان کیا جو انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دینے کے ساتھ دعا کرنے پر مجبور کر گیا۔
رمضان چھپا نے اس جذباتی لمحے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ امجد صابری کو غسل دے رہے تھے تو اچانک ایسا منظر دیکھا کہ وہ پیچھے ہٹ گئے۔
انہوں نے کہاکہ جب میں نے امجد صابری کو غسل دیا تو وہ مسکراتے ہوئے نظر آئے۔ میں کانپ گیا اور فوراً ان کے اہلِ خانہ کو بلایا۔ جب ان کے گھر والوں نے بھی یہ منظر دیکھا تو وہ دعا میں مشغول ہو گئے۔”
امجد صابری کا شمار پاکستان کے مشہور صوفی قوالوں میں ہوتا تھا۔ وہ صابری خاندان کے چشم و چراغ تھے جن کی قوالی تاجدارِ حرم اور بھر دو جھولی نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔
سال 2016 میں رمضان المبارک کے دوران انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کی ناگہانی موت نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا، وہ پانچ بچوں اور دو بیواؤں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔
رمضان چھپا کا کہنا تھا کہ غسلِ میت کے دوران وہ مختلف نشانیوں کو دیکھتے ہیں، کچھ چہروں پر تکلیف کے آثار ہوتے ہیں جبکہ بعض پر سکون جھلکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایسی چیزوں کی حقیقت صرف اللہ جانتا ہے لیکن بعض اوقات ہمیں مختلف نشانیاں ضرور نظر آتی ہیں۔
جب یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو کچھ صارفین نے رمضان چھپا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے ذاتی اور روحانی لمحات کو عوامی سطح پر شیئر نہیں کرنا چاہیے۔
کئی لوگوں نے اس واقعے کو امجد صابری کی نیکی اور روحانی سکون کی علامت قرار دیتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔