پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی توڑنے کیلئے اسٹرائیک ریٹ کا بہانہ بنایا گیا، عالمی میچ کا پریشر الگ ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں گفتگو کے دوران معروف کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی توڑ دی گئی ہے۔ جب آپ نئے کھلاڑیوں کو لاتے ہیں تو وہ لیگ سے عالمی سطح پر آتے ہیں۔
گفتگو کے دوران رمیز راجا نے کہا کہ انٹرنیشنل میچ کا پریشر بالکل مختلف ہوتا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں پر یہ دباؤ پڑتا ہے کہ ان پر پوری دنیا کی توجہ ہے۔ آپ نے وہ جوڑی توڑ دی جس سے پوری دنیا گھبرا رہی تھی۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے سے قبل آزمانا ہوگا۔
خیال رہے کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آگے بڑھنے کیلئے شارٹ کٹ کو ذہن سے نکالنا ہوگا، سخت محنت سے خود کو منوانے کی ضرورت ہے۔
رمیز راجا نے اکتوبر 2021 میں مقامی ہوٹل میں نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور انکے سوالات کے جواب دیئے، ملاقات میں ٹیموں کے کوچز اور سپورٹ اسٹاف کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔
رمیز راجہ نے نوجوان کرکٹرز کو کھیل میں جدت لانے، فیلڈنگ اور فٹنس بہتر بنانے کی ہدایت کے ساتھ انٹرنیشنل معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور مزید پیسہ خرچ کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔