دنیا بھر کے مسلمان رواں سال رمضان المبارک کا چاند ایک ساتھ دیکھنے کی تیاری کر رہے ہیں، جو ایک نایاب موقع ہوگا۔
عام طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور کچھ مغربی ممالک میں چاند پہلے دیکھا جاتا ہے جبکہ بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں ایک دن بعد چاند نظر آتا ہے۔
اس سال فلکیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے مطابق، رمضان المبارک کا چاند دنیا بھر میں ایک ہی دن نظر آنے کا امکان ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بھارت، پاکستان، امریکا، برطانیہ، افغانستان، نیپال، عمان، عراق، شام، بحرین، یمن، ترکی، مصر، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، روس، انڈونیشیا، ملائیشیا، فرانس اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کی رویت ہلال کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ مسلمان 28 فروری 2025 بروز جمعہ کی شام رمضان کا چاند دیکھیں گے۔
سعودی عرب کے مقامی میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے مملکت کے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 28 فروری 2025 بروز جمعہ، 29 شعبان 1446 ہجری کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں اور کسی بھی شہادت کو قریبی عدالت میں رپورٹ کریں۔
عام طور پر سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی رمضان کے متوقع آغاز سے قبل چاند کی رویت کرتی ہے، لیکن اس بار ملک بھر میں عوام کو بھی چاند دیکھنے کی ترغیب دی جا رہی ہے، خواہ وہ دوربین کے ذریعے ہو یا کھلی آنکھ سے۔
فلکیاتی پیش گوئی کیا کہتی ہے؟
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز ابوظہبی کے ماہرین کے مطابق رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند جمعہ 28 فروری کو نظر آنے کا امکان ہے۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق چاند مغرب کے بعد تقریباً تمام علاقوں میں نظر آ سکے گا جس کی وجہ سے زیادہ تر اسلامی ممالک یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ کو رمضان کے آغاز کا اعلان کر سکتے ہیں۔
رمضان کا باضابطہ آغاز کب ہوگا؟
روایتی چاند دیکھنے کے طریقوں کے مطابق اگر 28 فروری کو چاند نظر آ جاتا ہے تو اسی رات سے تراویح کا آغاز ہوگا اور مسلمان یکم مارچ بروز ہفتہ سے پہلا روزہ رکھیں گے۔ اگر چاند نظر نہیں آیا تو رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ بروز اتوار سے ہوگا۔
عالمی سطح پر رمضان کی تیاریاں
متحدہ عرب امارات، بھارت، پاکستان اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک میں چاند دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
بھارت میں لکھنؤ کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مولانا خالد رشید نے بھی تصدیق کی ہے کہ بھارتی مسلمان 28 فروری کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ ایک غیر معمولی موقع ہوگا جب دنیا بھر کے مسلمان ایک ساتھ چاند دیکھنے اور روزہ رکھنے کا آغاز کر سکتے ہیں۔