بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روبوٹ سیریز کے ہیرو رجنی کانت کی فلم جیلر نے دنیا بھر میں 500 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ کاروبار کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپر اسٹار رجنی کانتھ کی ایکشن فلم جیلر کی نمائش اپنی ریلیز کے دوسرے ہفتے کے دوران بھی جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم نے ہفتے کے روز 18 کروڑ نیٹ بزنس کیا جس سے صرف بھارت میں فلم کا بزنس 245 اعشاریہ 9 کروڑ تک جا پہنچا ہے۔
سوشل میڈیا پر تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فہد مصطفیٰ
تامل سینماؤں میں ریلیز کی گئی فلم جیلر دیگر تمام فلموں پر بھاری نظر آتی ہے جبکہ باکس آفس پر راج کرنے والی دیگر فلموں میں سنی دیول کی غدر 2 اور اکشے کمار کی اوہ مائی گاڈ 2 شامل ہیں تاہم ابھیشیک بچین کی فلم گھومر جو جمعے کے روز ریلیز کی گئی، اسے ملے جلے رجحان کا سامنا ہے۔
عالمی سطح پر رجنی کانت کی فلم 500 کروڑ کا ہندسہ عبور کر گئی۔ بھارتی تجزیہ کار منوبالا وجے بالن کا کہنا ہے کہ رجنی کانتھ کی فلم نے ریلیز کے 10ویں روز 500کروڑ کا ہندسہ عبور کیا جو 500 کے کلب میں داخل ہونے والی عمومی طور پر تیسری اور رفتار کے لحاظ سے دوسری تامل فلم ہے۔
سینئر اداکار رجنی کانت کی فلم میں موہن لال، جیکی شروف، شواراج کمار، پریانکا موہن، رامیا کرشنن، یوگی بابو اور وسنتھ روی جیسے اداکار بھی شامل ہیں جو مختلف کرداروں میں عوام کا دل لبھانے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔ مرکزی اداکار کے طور پر رجنی کانت کی اداکاری کو پسند کیاجارہا ہے۔