خوشی سے نہال قومی شخصیات، حکومتوں، اداروں اور شوبز ستاروں نے پاکستان کیلئے تاریخی کارنامہ انجام دینے پر ارشد ندیم کو مالامال کرنے کا اعلان کردیا۔
ارشد ندیم کی جانب سے پیرس اولمپکس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کو چالیس سال بعد اولمپک گولڈ میڈل دلوانے پر پوری قوم خوشی سے نہال ہے۔
ارشد ندیم کے اس کارنامے پر جہاں دنیا بھر میں ان کی تعریف و تحسین کی جا رہی ہے، وہاں پاکستان میں مختلف اداروں، حکومتوں اور اہم شخصیات کی جانب سے ان کیلئے انعامات کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔
ارشد ندیم کی جانب سے کارنامہ سر انجام دیے جانے کے بعد سندھ حکومت نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
سندھ حکومت کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی آگے بڑھے اور انہوں نے بھی اپنی طرف سے جیولن تھرور کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔
سکھر کے میئر اور پی پی رہنما ارسلام اسلام شیخ نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے کے ساتھ سکھر کے زیر تعمیر اسٹیڈیم کو ارشد ندیم کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے پاکستان کے عظیم نیزہ باز ارشد ندیم کیلئے دس کروڑ روپے کے انعام کا اعلان سامنے آیا ہے۔
ادھر شوبز شخصیات میں سے نامور گلو کار علی ظفر نے بھی خوش ہوکر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔
ارشد ندیم کو خوشی سے نہال قوم کے مختلف افراد، اداروں اور تنظیموں و شخصیات کی جانب سے مالامال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔