کراچی میں آج صبح سویرے بوندا باندی شروع ہوگئی جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ہلکی پھلکی بارش ہوئی، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے ملک بھر کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش کے پی کے میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کشمیر، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہوگی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں ہوئی۔
خیبر پختونخوا کے علاقے کاکول میں 47 ملی میٹر، مالم جبہ 45، دیر بالا 30، پارا چنار 17، کالام 7، پٹن 3 جبکہ سیدو شریف میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور اور گوجرانوالہ میں بھی بارش ہوئی۔
لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں 20 ملی میٹر، سٹی، جیل روڈ 15، پانی والا تالاب 9، گلبرگ 7، مغل پورہ اور فرخ آباد 4، اپر مال 3 جبکہ چوک ناخدا میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی، سیالکوٹ ائیرپورٹ پر 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مری میں 5 ملی میٹر، بگروٹ، پونجی، بابوسر ٹاپ 3، گوپس، بونجی، گلگت 2 ملی میٹر جبکہ استور میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سندھ کے شہر بے نظیر آباد میں ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اراکین کی حلف برداری، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا