صوبہ سندھ میں محکمۂ موسمیات نے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے نتیجے میں کراچی سمیت صوبے بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج سے 4 روز تک تیز ہوائیں چلیں گی اور موسلا دھار بارش بھی ہوگی۔ مون سون کے چھٹے اسپیل کے دورانیے میں اضافہ ہوگیا۔
محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 4 روز تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے جس سے اربن فلڈنگ کے خدشات سر اٹھانے لگے ہیں۔
آج صبح کے وقت شہرِ قائد کی ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ درجۂ حرارت 29 سے 30 سینٹی گریڈ رہا۔ محکمۂ موسمیات نے سندھ میں 150 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔
متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مخاطب کرتے ہوئے گزشتہ روز پی ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا کہ شہرِ قائد سمیت سندھ کے دیگر شہروں بشمول ٹھٹھہ، دادو، بدین، میرپور خاص، حیدر آباد، شہید بے نظیر آباد اور تھرپارکر میں تیز بارشیں متوقع ہیں، عوام کی حفاظت کیلئے اقدامات ضروری قرار دے دئیے گئے۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اے کا سندھ میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری