کراچی:محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل رات سے 11ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنائی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت میں موجود ہوا کا کم دباؤ مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے، اس سسٹم کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایاکہ تھر پارکر اور عمر کوٹ میں بھی11ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔میر پور خاص، سانگھڑ، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بدھ کی رات سے 11 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔حیدر آباد، شہید بینظیر آباد اور جامشورو میں بھی 11 ستمبر تک بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکار پور میں 9 سے 11 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب ہوگئی