اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی جن میں خیرپور، سکھر اورجیکب آباد شامل ہیں۔
سندھ کے شہروں میں بارش کے باعث لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ لاڑکانہ میں تیز ہوائیں اور بارش کے نتیجے میں کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ بلوچستان کے شہروں پنچگور، نوشکی، چمن، مستونگ اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی بارش ہوئی۔
بلوچستان کے دیگر شہروں بشمول دالبندین، مچھ اور نوکنڈی میں ریت کا طوفان آگیا۔ رمضان المبارک کے دوران بارش کے باعث لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں اور سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث ملک کے مختلف شہروں کے باسیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کل جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوسکتی ہے۔