بیجنگ: چین میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جہاں بارش اور سیلاب کے باعث 50افراد ہلاک جبکہ 15 لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی صوبے ہونان کے شہر زی شینگ میں طوفانی بارشوں سے 50افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ شہرمیں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 15 شہری لاپتہ ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں سمندری طوفان گائمی کے باعث بارشوں نے تباہی مچائی۔
مختلف حادثات کے دوران بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ موسلا دھار اور طوفانی بارشوں سے چھوٹا سا شہر زی شینگ شدید متاثر ہوا ہے جہاں طوفان کے باعث نہ صرف سیلاب آیا بلکہ مٹی کے تودے گرنے سے بھی نقصان ہوا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ زی شینگ کے ہنگامی بچاؤ، بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں مدد کرنے والے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز کے مطابق طوفانی بارشوں سے 1لاکھ 28 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 11 ہزار 8سو انہتر مکانات مسمار ہوگئے۔
بارشوں اور سیلاب کے باعث مکانات کے ساتھ ساتھ رہائشی و دفتری عمارتیں بھی منہدم ہوگئی ہیں۔ چینی حکومت نے ہنگامی طور پر امدادی کام کا آغاز کردیا ہے۔بھاری مالی نقصان کے ازالے کیلئے بھی کام شروع کردیا گیا۔