کراچی: روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر اور سینئر صحافی رفیق افغان انتقال کر گئے ہیں جس پر صحافی برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر اور سینئر صحافی رفیق افغان طویل عرصے سے صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے جبکہ روزنامہ امت کو مذہبی و سیاسی نوعیت سے اہم اخبار سمجھا جاتا ہے۔
جماعتِ اسلامی کے نظریات کے ترجمان روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی نمازِ جنازہ کراچی میں شہید مسجد الفتح، کڈنی ہل میں ادا کی جائے گی جو کوکن پارک کے نزدیک ہے۔
آج نمازِ ظہر کے بعد چیف ایڈیٹر روزنامہ امت کی نمازِ جنازہ میں مشہورومعروف سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ رفیق افغان کے انتقال پر معروف سیاسی شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے روزنامہ امت کے مدیراعلیٰ رفیق افغان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
سردار عبدالرحیم نے روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر کے انتقال پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے بھی روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار اور ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
خیال رہے کہ روزنامہ امت ہر روز کراچی، حیدرآباد، پشاور اور راولپنڈی سے شائع ہونے والا اردو زبان کا مشہورومعروف مقامی اخبار ہے جس میں تحقیقاتی صحافت کو پروان چڑھایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کینیڈین وزیراعظم کا غیرضروری تبصرہ، دفترِ خارجہ کی مذمت