بالی ووڈ فلم سیریز ریس کے سلسلے کی چوتھی فلم اسکرپٹنگ کے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، ریس 4 کے فنکاروں کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق سن 2018ء میں ریس 3 باکس آفس پر ایک فلاپ فلم ثابت ہوئی جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ریس 4 پر کام شروع کیا جائے گا یا نہیں؟ تاہم ریس 4 اب اسکرپٹنگ کے مرحلے میں ہے۔
فلمی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریس 4 کا اسکرپٹ شیراز احمد لکھ رہے ہیں جو قبل ازیں اسی فرنچائز کی 3 فلموں میں کام کرچکے ہیں اور سال کے اختتام تک فلم کی ریلیز کا اعلان متوقع ہے جس پر کورونا کا برا اثر بھی پڑ سکتا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ فلم کی کاسٹ میں قبل ازیں شامل کیے گئے بڑے فنکار سیف علی خان جو ریس 1 اور 2 میں جبکہ سلمان خان جو ریس 3 میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں، ریس 4 میں بھی شامل ہوں گے یا نہیں۔
بھارت میں ریس سیریز کو مشہور ترین فلم فرنچائز سمجھا جاتا ہے جس کی آخری فلم ریس 3 میں سلمان خان مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے۔ سیریز کی پہلی فلم ریس 2008 میں ریلیز ہوئی جس میں بیپاشا باسو، قطرینہ، انیل کپور اور اکشے کھنا کے علاوہ سمیرا ریڈی بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔
آگے چل کر 2013 میں ریس 2 ریلیز کی گئی جس میں جیکلین فرنانڈس، دیپیکا پادوکون اور جون ابراہم جلوہ گر ہوئے جبکہ انیل کپور، امیشا پٹیل اور سیف علی خان نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ریس 3 میں مرکزی کاسٹ کے علاوہ ثاقب سلیم اور انیل کپور بھی شامل تھے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستانی اداکارہ ارجمند رحیم نے کہا کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی مہمان نوازی زبردست ہے جس نے میرا دل جیت لیا۔
حال ہی میں شوبز انڈسٹری کی 47 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں رقص کا ایک کورس کرنے کیلئے بھارت گئی اور پھر ایکٹنگ کا بھی کورس کیا کیونکہ میں اداکاری کو مزید سمجھنا چاہتی تھی۔
مزید پڑھیں: سلمان خان کی زبردست مہمان نوازی نے میرا دل جیت لیا۔ارجمند رحیم