اسلام آباد: پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبد الرحمن التھانی نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی جس میں بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمینس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا۔
تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے قطر اور پاکستان کی مثالی دوستی اور تعلقات کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبد الرحمن التھانی کا جنہوں نے آج فرشتوں اور پریوں کے اس خوبصورت سے گھر میں آکر ثابت کیا ہے کہ ہمارا برادر ملک قطر پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہے اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی قطر نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔
زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں، پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پارہے ہیں۔
زمرد خان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے، ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبد الرحمن التھانی نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے۔ مجھے یہاں آکر بیحد خوشی اور دلی سکون ملا۔
انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ ایک عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں ۔مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ قطر کی حکومت زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور بچوں نے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبد الرحمن التھانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔