قطر ایئرویز نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور فضائی حدود کی پابندیوں کے باعث پاکستان اور امرتسر (بھارت) کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ہدایات ان مسافروں پر لاگو ہوں گی جن کے پاس دوحہ سے پاکستان یا بھارت کے لیے تصدیق شدہ ٹکٹ موجود ہیں۔
اہلیت اور سفر کی مدت
قطر ایئرویز کے مطابق یہ پالیسی ان تمام پروازوں پر لاگو ہوگی جو دوحہ سے پاکستان یا امرتسر اور ان مقامات سے دوحہ کے لیے روانہ ہوں گی۔ یہ ہدایات اُن مسافروں کے لیے ہیں جن کی اصل سفر کی تاریخ 6 مئی 2025 یا اس کے بعد اور 11 مئی 2025 یا اس سے پہلے کی ہے۔ مسافروں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز 21 دن کے اندر نئی تاریخ پر منتقل کرا سکتے ہیں۔
ری بکنگ اور ریفنڈ کی سہولیات
نئی پالیسی کے تحت مسافر قطر ایئرویز کی اپنی پروازوں پر، اسی روانگی اور منزل کے ساتھ، کم ترین دستیاب بکنگ کلاس میں ری بکنگ کرا سکتے ہیں۔ دیگر ایئرلائنز (سوائے لفتھانزا کے) پر ری بکنگ کی اجازت اصل کرایہ کے قواعد کے مطابق دی جائے گی۔ مسافروں کو ایک مرتبہ ٹکٹ کی مفت تبدیلی (ری ایشو) کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
ریفنڈ پالیسی کے تحت وہ مسافر جو اپنا سفر منسوخ کرنا چاہتے ہیں، ریفنڈ جرمانے کے بغیر ٹکٹ منسوخ کرا سکتے ہیں، بشرطیکہ کرایہ اور ٹیکس استعمال نہ ہوئے ہوں۔ غیر ریفنڈ ایبل ٹیکسز صرف اسی صورت میں واپس ہوں گے جب ٹکٹ مکمل طور پر غیر استعمال شدہ ہو۔
اضافی نکات
قطر ایئرویز نے واضح کیا ہے کہ گروپ بکنگ والے مسافروں کو براہ راست ایئرلائن سے رابطہ کرنا ہوگا۔ ایئرلائن نے اضافی خدمات (Ancillary Services) پر بھی ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ وہ مسافر جو 6 اور 7 مئی 2025 کو سفر نہ کرسکے، اُن کے لیے نو شو جرمانہ بھی معاف کر دیا گیا ہے۔
مسافر مزید معلومات اور ری بکنگ کے لیے qatarairways.com پر رابطہ کرسکتے ہیں یا قریبی قطر ایئرویز دفتر سے رجوع کریں۔