جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ واقعہ کربلا باطل کے خلاف جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ حسینی کردار کے ذریعے آج بھی باطل کو ہرایا جاسکتا ہے۔
یوم عاشورہ پر اپنے پیغام میں قاری محمد عثمان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کاسب سے بہترین طریقہ تعلیمات حسینی کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا ہے۔ حضرت امام حسینؓ کی شہادت میں امت مسلمہ اور نوع انسانی کے لئے صبر واستقامت، عزم و استقلال اور ہر حال میں اپنے حق موقف پر ڈٹے رہنے کا درس ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
سرکاری کالجوں میں انٹر کے کامیاب داخلوں کی فہرست جاری
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا اس بات کا درس دیتا ہے کہ ہمیں رضائے الٰہی کی خاطر اپنا جان و مال بلکہ اپنا خاندان تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے۔ حق و سچائی، دین، ملت کی حفاظت کی خاطر اپنا سب کچھ لٹانے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ اسلام کا سب سے بڑا حادثہ جسے سانحہ کربلا کہتے ہیں وہ اسی مبارک مہینے محرم الحرام میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر یکم محرم الحرام کو خلیفہ دوم، مراد رسول ﷺ سیدنا حضرت عمر فاروقؓ اور دس محرم الحرام کو نواسہ رسول ﷺسیدنا حضرت حسینؓ کی اپنے قافلے اور خاندان نبوتﷺ کے افراد کے ساتھ شہادت جیسے واقعات سے نہ صرف مسلمان بلکہ انسانیت اور تاریخ انسانیت متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔
انہوں نے کہا کہ ان اہم واقعات کی وجہ سے امت نے اسلام کی سربلندی کی جدوجہد کے سفر کو مدینہ اور کربلا سے وابستہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون شہادت سے اسلامی تاریخ سرخرو ہے اور مسلمانوں کا ایمانی جذبہ اسی جدوجہد کا درس اور زندگی کی حرارت محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اہلِ بیتِ عظام پر بیتنے والے حادثہ کی یاد ہی نہیں دلاتا بلکہ یہ سبق بھی دیتا ہے کہ جب نظریہ اور مقصد خطرے میں پڑ جائے تو اس کے سامنے کسی چیز کی اہمیت نہیں رہتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ عظیم دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اسلام کی آفاقی اقدار نظر انداز ہو جائیں اور ذاتی مفادات اہمیت اختیار کرجائیں تو اس کے نتیجے میں سماجی انصاف خطرے میں پڑجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے خانوادے کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے نبی علیہ السلام کی اسوہ حسنہ اور صحابہ کی زندگی سے رہنمائی حاصل کی جائے۔