لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبے کے تمام میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کو 11 اپریل تک بند کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں نجی و سرکاری میڈیکل کالجز اور جامعات 11 اپریل تک بند رہیں گی۔ سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا باضابطہ مراسلہ جاری کردیا۔
اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ میڈیکل کالجز اور جامعات میں تفریحی، ثقافتی یا اسپورٹس سے متعلق سرگرمیاں بند کردی گئی ہیں۔ تعلیمی سلسلہ بھی منقطع کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران صوبہ پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ کورونا کی ابتدا سے اب تک صوبہ پنجاب میں دیگر تمام صوبوں سے زیادہ اموات ہوئیں جبکہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار227تک جاپہنچی۔
وائرس کی مثبت شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد صوبائی محکمۂ صحت نے لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔ سیکریٹری سحت کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاوہ گجرات، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کا خوف، لاک ڈاؤن پر غور کیلئے این سی او سی کا اجلاس آج پھر ہوگا