سیشن کورٹ لاہور کے مرکزی دروازے پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی وکیل پر تشدد اور خنجر سے حملے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیجز کے مطابق پہلے وکیل اور پولیس اہلکاروں کے درمیان سیشن کورٹ کے مرکزی گیٹ پر کسی بات پر شدید تلخ کلامی ہوئی۔
تلخ کلامی کے بعد پولیس اہلکاروں نے مل کر وکیل پر تشدد شروع کردیا۔ اسی تشدد کے دوران ایک پولیس اہلکار نے خنجر نکال کر وکیل پر وار کر دیے، جس سے وکیل زخمی ہوگیا۔
بعد ازاں لاہور کی اسلام پورہ پولیس نے وکیل پر تشدد اور اسے زخمی کرنے پر دونوں پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں اور وکیل کے درمیان رات نو بجے عدالت کے احاطے میں داخل ہونے پر جھگڑا ہوا۔ اسلام پورہ پولیس نے اب دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔