لاہور: پنجاب پولیس کے محکمۂ فنانس نے اپنے سسٹم میں ایک ایسا فنانشل مینجمنٹ سافٹ وئیر انسٹال کیا ہے جو پولیس کے اکاؤنٹس میں بدعنوانی کا حساب رکھتے ہوئے 119 ارب کے بجٹ کی نگرانی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے یہ سافٹ وئیر بنایا جو کسی بھی ریاستی محکمے میں وہ پہلا سافٹ وئیر ہوگا جو پولیس کے سالانہ 119 ارب روپے کے بجٹ کا حساب رکھے گا۔
پنجاب حکومت کی طرف سے یہ اقدام ضلعی اکاؤنٹنٹس سے منسوب میگا کرپشن اسکینڈلز کے بعد سامنے آیا جنہوں نے لاکھوں روپے پولیس کے بجٹ سے لے کر یہ رقم ذاتی فوائد کیلئے استعمال کی۔
اِسی طرح کا اسکینڈل تب سامنے آیا جب پنجاب پولیس کے انکوائری پینل نے ایک سینئر آفیسر کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی سفارش کی جن پر مبینہ طور پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے ٹریفک پولیس میں 34 کروڑ کا گھپلا کیا ہے۔
سافٹ وئیر کے ذریعے پنجاب پولیس یہ یقین دہانی حاصل کرے گی کہ آئندہ محکمۂ پولیس میں اِس قسم کی بدعنوانی ممکن نہ ہو جبکہ پولیس اکاؤنٹس کو پبلک کردیا جائے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران جن میں آر پی او اور ڈی پی او شامل ہیں، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹنٹس کی طرف سے حاصل کیے جانے والے فنڈز کی براہِ راست سافٹ وئیر کے ذریعے آسانی سے نگرانی کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گولی چل گئی، نوجوان لڑکی جاں بحق