پنجاب پولیس کے ایک سپاہی نے نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کا فرض نبھایا بلکہ عالمی اسپورٹس ایونٹ میں پاکستان کا نام بھی روشن کر دیا۔
ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل عمر فاروق نے انٹرنیشنل ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق عمر فاروق نے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جہاں انہوں نے پوری مہارت، جذبے اور حوصلے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی۔
اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا، ایران، عراق، فلسطین سمیت متعدد ایشیائی ممالک کے کھلاڑی شریک تھے۔
پولیس ایتھلیٹس کی سرپرستی کرنے والے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین نے عمر فاروق سے ملاقات کی اور ان کی شاندار پرفارمنس کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے عمر فاروق کو تعریفی سند اور نقد انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وردی کے پیچھے صرف قانون کے محافظ ہی نہیں بلکہ قومی فخر اور میدان کے ہیرو بھی چھپے ہوتے ہیں۔