پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قائداعظم بین الصوبائی گیمز کے 18 دسمبر کے مقابلوں میں میڈلز کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق 163 تمغے حاصل کرکے پنجاب پہلے نمبر پر رہا۔
پنجاب نے مجموعی طور پر 163 تمغے حاصل کیے جن میں 77 طلائی، 50 نقرئی اور 36 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا نے 90 تمغے جیتے ہیں جن میں 24 طلائی، 29 نقرئی، اور 37 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
نمبر پلیٹس تبدیل، سندھ حکومت نے گاڑیوں کو بھی سندھی اجرک پہنانا شروع کردیا، وجہ کیا ہے؟
سندھ نے 70 تمغے حاصل کیے ہیں جن میں 14 طلائی، 25 نقرئی، اور 31 کانسی کے تمغے شامل ہیں جبکہ بلوچستان نے 60 تمغے جیتے ہیں جن میں 14 طلائی، 15 نقرئی، اور 31 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
اسلام آباد نے 53 تمغے جیتے ہیں جن میں 5 طلائی، 11 نقرئی، اور 37 کانسی کے تمغے شامل ہیں جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر نے بالترتیب 22 اور 26 تمغے حاصل کیے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا کہ قومی کھیلوں میں تمام اکائیوں نے مل کر مجموعی طور پر 137 طلائی، 137 نقرئی، اور 210 کانسی کے ساتھ 484 تمغے حاصل کیے ہیں انہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مظہر ہیں۔
ڈی جی پی ایس بی نے کہا کہ حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو مزید سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔