لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایوان وزیر اعلی میں ایپکس کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے -جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے- کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے -جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے- محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں -سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی-اس موقع پر محکمہ داخلہ، محکمہ صحت اورماہرین نے بریفنگ دی، اجلاس میں کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جی او سی 10 ڈویژن میجرجنرل محمد انیق الرحمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی۔