لاہور: نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔
نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل بروز بدھ کو ہونا تھا۔ تاہم ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کر دیا۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے مقابلہ ہے۔
اتوار 3 اپریل کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی جب اپوزیشن جماعتوں اور ناراض ایم پی اے نے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر احتجاج کیا۔
اجلاس وزیراعلیٰ کے انتخاب کی کارروائی مکمل کیے بغیر ملتوی کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی اور اپوزیشن نے حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ اجلاس ساڑھے گیارہ بجے کے مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 25 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور صرف ایک منٹ تک جاری رہا۔
اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن کے ارکان اسمبلی اسپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے۔ اپوزیشن نے دھرنا دیا لیکن اسمبلی انتظامیہ نے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی۔ مسلم لیگ ن کے ارکان نے احتجاج کیا اور چیف سیکیورٹی آفیسر کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے تحریکِ انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا