پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں طلبہ، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے مفت پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس اقدام کا مقصد ان طبقات کے لیے سفر کو آسان اور سستا بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اس منصوبے پر غور کیا گیا جس میں طلبہ کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ کارڈز متعارف کروانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ یہ کارڈز طلبہ کو مفت سفری سہولت کے مؤثر استعمال میں مدد دیں گے۔
حکومت نے اجلاس میں بھکر اور بہاولنگر میں نئے ایئرپورٹس کی تعمیر کی بھی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ فضائی ایمبولینس سروس شروع کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور آیاجس کے ذریعے ہنگامی طبی امداد کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
اجلاس میں ٹریفک جرمانوں پر سختی، عدالتی اصلاحات اور جرائم کی روک تھام کے لیے نئے اقدامات سمیت کئی دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان اصلاحات کا مقصد قانون کی عمل داری کو یقینی بنانا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی اہم فیصلے کیے گئے جن میں کارڈیک سینٹر کے لیے عملے کی بھرتی، اسکولوں میں نیا گریڈنگ سسٹم متعارف کرانا اور عوامی خدمت کے ضروری شعبوں میں نئی بھرتیوں کی منظوری شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پنجاب میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
ان منصوبوں کے ذریعے پنجاب حکومت کا مقصد طلبہ، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے روزمرہ زندگی کو سہل بنانا جبکہ ٹرانسپورٹ، صحت اور عوامی تحفظ کے شعبوں کو مزید مستحکم کرنا ہے۔