صوبہ پنجاب اور بالائی سندھ کے متعدد علاقوں میں شدید سردی اور دھند برقرار ہے ، کئی علاقوں میں حدِ نگاہ 20 میٹر سے بھی کم رہ گئی جس کے نتیجے میں موٹر وے کے مختلف حصے بند کردئیے گئے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں بشمول گجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور گوجرہ کے ساتھ ساتھ بہاولپور میں بھی دھند کا راج برقرار ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقوں میں آج شدید دھند کا راج برقرار رہے گا، ۔ خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔
شہریوں کو حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے پولیس حکام کی طرف سے گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دھند میں غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی صوبہ پنجاب کے متعدد شہروں میں سردی کے موسم کے باعث دھند برقرار رہی جس سے ٹریفک حادثوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا خدشہ پیدا ہوا۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ساتھ ساتھ متعدد شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ کہر کے باعث حدِ نگاہ 100 سے 20میٹر تک رہ گئی۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے شہروں میں دھند برقرار، حادثات میں اضافے کا خدشہ