اسلام آباد:تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک پر لانگ مارچ کے بعد تھانہ کوہسار پولیس نے دو مقدمات درج کرلئے، دو نوں مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
مقدمہ کے متن کے مطابق مقدمات میں 39 افراد کی گرفتاری ظاہر کردی گئی، گرفتار افراد نے چیئرمین عمران خان،اسد عمر،عمران اسماعیل،راجہ خرام نواز،علی امین گنڈا پور اور علی نواز اعوان کی ایما پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدمہ 150 افراد کے خلاف درج کیا گیا، جناح ایونیو پر میٹرو اسٹیشن کو آگ لگائی گئی،ایکسپریس چوک پر سرکاری گاڑی کو نقصان پہنایا گیا۔
دوسری جانب سندھ پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
سندھ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر جلاؤ گھیراؤ اور دھرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف مقدمہ سولجر بازار تھانے میں د رج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی اور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں علی زیدی، فردوس شمیم نقوی، بلال غفار، خرم شیر زمان، ارسلان تاج، محمد علی جی جی، جمال صدیقی، محسن بٹ اور اشرف علی نامزد ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے حکومت کو الٹی میٹم دینے کے بعد لانگ مارچ ختم کرنے کے بعد پی ٹی آئی نے جمعرات کو کراچی کی نمائش چورنگی پر اپنا دھرنا ختم کردیا۔
مزید پڑھیں:نمائش چورنگی پر جلاؤ گھیراؤ، پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمہ درج