پاکستان تحریکِ انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نام سے امریکا میں چلائے جانے والے غیر قانونی اور جعلی ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
امریکا میں تحریکِ انصاف کی قیادت نے وزیر اعظم عمران خان کے نام سے چلنے والے ”عمران خان ڈیولپمنٹ اکیڈمک ریسرچ“ نامی ادارے سے قطعی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔
تحریکِ انصاف امریکا کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایسے کسی ادارے کے بارے میں نہیں جانتے، نہ ہی اس ادارےکا وزیر اعظم عمران خان یا تحریکِ انصاف سے کوئی تعلق ہے۔
دبیز ترمذی نامی پی ٹی آئی کارکن کی رکنیت وزیر اعظم کے نام سے عمران خان ڈویلپمنٹ اکیڈمک ریسرچ ان کی اجازت کے بغیر قائم کرنے پر معطل کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی امریکا کے صدر سجاد برکی نے کہا ہے کہ دبیز ترمذی کی رکنیت جعلی ادارہ چلانے پر معطل کر رہے ہیں۔ غیر قانونی ادارے کے خلاف ایکشن لیں گے۔ ادارہ وزیر اعظم کے نام پر چندہ جمع کرنے کا حق نہیں رکھتا۔
صدر پی ٹی آئی امریکا سجادبرکی کے مطابق دبیز ترمذی پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن رہے ہیں، تاہم وزیر اعظم عمران خان کی اجازت کے بغیر ادارہ قائم کرنے پر انہیں تحریکِ انصاف سے خارج کردیا گیا ہے۔