اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی جانب حکومت مخالف لانگ مارچ شروع کرے گی۔
معزول وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کی توہین کی گئی ہے کیونکہ غیر ملکی اسپانسرڈ سازش کے ذریعے ملک پر کرپٹ حکومت مسلط کی گئی ہے۔
انہوں نے ہر پاکستانی سے، خواہ وہ پی ٹی آئی کا حامی ہو یا نہیں، پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی صریح توہین کے خلاف اپنا احتجاج کرنے کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی طرف مارچ کریں۔
اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں عیدالفطر کے موقع پر شروع ہو جائیں گی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے لے کر سڑکوں پر نکل آئیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ‘آپ کو دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے اور ایک بار جب تیاریاں شروع ہوجائیں گی تو ہمارا اگلا ہدف اسلام آباد ہوگا’۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ لوگوں کا سمندر اسلام آباد پر دھاوا بول دے گا اور عوام کو واضح پیغام دے گا: ”اب سے بیرون ملک سے کوئی بھی ہم پر کرپٹ حکومت مسلط نہیں کر سکتا۔ پاکستانی عوام پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کال دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ”وفاقی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں ”۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایسے لوگوں کا اقتدار میں رہنا پاکستان کی ”توہین“ ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمران خان رواں ماہ کے اوائل میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد سے ملک کے دارالحکومت کی طرف ایک بہت بڑے مارچ کا اشارہ دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ آمد، حمایت پر شکریہ