لاہور: پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اصلاحات بل کے نام پر سپریم کورٹ کو بطور ادارہ ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ تحریکِ انصاف سپریم کورٹ کے متعلق بل کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔
مریم اورنگزیب کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔فواد چوہدری
گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کو بطور ادارہ ختم کرنے کی کوشش کی جبکہ عوام کی طاقت سپریم کورٹ کے پیچھے ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پراسیجر بل 2023 ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔ ہم ایک دو دن میں عدالتی اصلاحات چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم مریم اورنگزیب کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
آج سے 12 روز قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو انتشار کے بحران میں دھکیلا گیا، حکمران اس بحران سے نکلنے کے متعلق سوجھ بوجھ نہیں رکھتے۔