کراچی: تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کورونا وائرس اقدامات پر حکومتِ سندھ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم بن کر آفت کا مقابلہ کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینئر مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آفتوں کا مقابلہ حکومتیں نہیں بلکہ قومیں کیا کرتی ہیں۔
سینئر مرکزی نائب صدر پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمیں اِس وقت ایک قوم بن کر اِس آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کپتان کے طور پر اِس آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت جو بھی مزید اقدامات کرنا چاہتی ہے، ہم ان کا ساتھ دیں گے۔
آفتوں کا مقابلہ حکومتیں نہیں قومیں کیا کرتی ہیں ہمیں اس وقت ایک قوم بن کر اس آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے یکجہتی کا مظاہرا کیا ہمارے کپتان اس آفت سے مقابلہ کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سندھ حکومت جو بھی مزید اقدامات کرنا چاہتی ہے ہم ساتھ ہونگے۔ pic.twitter.com/hzfHn9vVp8— Haleem Adil Sheikh (@HaleemAdil) March 22, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس لاک ڈاؤن کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں شہرِ قائد میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، عذرا پیچوہو، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، بریگیڈیئر وسیم، اے جی سندھ، سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔وزیرِ اعلیٰ سندھ