لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غلط قرار دئیے جانے کا سپریم کورٹ فیصلہ سامنے آنے کے بعد دوست محمد مزاری کو بطور ڈپٹی اسپیکر فوری ہٹانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد تحریکِ انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ دوست محمد مزاری کے خلاف پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔
عمران خان کا سپریم کورٹ فیصلے پرجشن منانے کا اعلان
دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی کی نشست خالی ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کو خودبخود اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔ اسپیکر کے عہدے کیلئے پی ٹی آئی کے کم از کم 4امیدوار میدان میں آگئے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور نومنتخب رکنِ پنجاب اسمبلی زین قریشی، سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کیلئے امیدوار بننے کو تیار ہیں۔
سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کو وزیر اعلیٰ کا پرنسپل سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نبیل اعوان کو گورنر پنجاب کا پرنسپل سیکریٹری بنادیا گیا۔