لاہور:پاکستان تحریکِ انصاف ایک بار پھر مینارِ پاکستان کے سائے تلے پنڈال سجانے کے لیے تیار ہو گئی، پنجاب کے مرکزی حصے میں 10 ہزار پی ٹی آئی کارکنان کو جلسے کے لیے تنظیمی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے کے مرکزی حصے سے یونین کونسل کی سطح تک مقرر کردہ ذمہ داران کو ایک پنڈال میں جمع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
تحریکِ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کے دوران 23 فروری کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم الشان تنظیمی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کنونشن سے تاریخی خطاب کریں گے۔کنونشن کے موقع پر نومقرر شدہ عہدیداران اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سنٹرل پنجاب کے ذمہ داران سے حلف لیں گے۔صدر سنٹرل پنجاب اعجاز چودھری نے کنونشن کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی۔
سنٹرل پنجاب ریجن کے طول و عرض سے کارکنان و ذمہ داران کی بڑی تعداد 23 فروری کو مینار پاکستان کے سائے تلے جمع ہوگی۔کنونشن کے انتظام و اانعقاد کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اس موقعے پرپی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ 23 فروری ایک تاریخی اور روشن دن ہوگا۔اپنے ریجن میں تنظیم سازی پایہ تکمیل تک پہنچنے پر رب العزت کے شکرگزار ہیں۔
اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان تحریکِ انصاف کے تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل کے بعد اگلے اہداف کی جانب بڑھیں. گے جبکہ لاہور میں مینارِ پاکستان کے سائے تلے جلسہ عظیم الشان ہوگا۔