اسلام آباد: ریڈ زون میں پیٹرول پمپ پرپاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر سے ہونے والے جھگڑے پر ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کردیا گیا۔جبکہ جج پر تشدد کرنے والے ایم پی اے کے شوہر کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
گزشتہ رات ہونے والے جھگڑے پر رجسٹرار اسلام آبادہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو چارج فوری چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وہ تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے واقع پیٹرول پمپ پر جوڈیشل آفیسر اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر میں شدید جھگڑا ہواتھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایم پی اے کے شوہر گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے ماررہے ہیں۔ جب کہ ایڈیشنل سیشن جج نے ذاتی دفاع کے لیے عابدہ راجہ کے شوہر کے پاؤں پر فائر بھی کیے۔