لاہور:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے، یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ حکومت جو مثبت انتظامی تبدیلیاں لے کر آرہی ہے ان کو ناکام بنایا جائے۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں،الحمدللہ آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے، روپے کی قدر میں توازن آگیا ہے اوردنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پنجاب سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں سے ملاقات کا مقصد آپ کے متعلقہ حلقوں میں عوام الناس کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشکلات کا ادراک اور ان کے فوری حل کے لئے ہدایات جاری کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے اراکین اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم عمران خان کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کے چیکس تقسیم کریں گے
اس موقع پر اراکین نے اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں صوبے میں ڈویژن کی سطح پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے منتخب نمائندگان اور صوبائی حکومت کے درمیان مشاورت کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت ، خصوصی طور پر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کے مابین ایک مربوط اور موثر مکینزم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کو ہدایات بھی جاری کیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے۔
ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے ، یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے ۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں ۔میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دبائو میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشااللہ آئندہ بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 3 وزراء بغاوت کے الزام پر عہدوں سے فارغ کردئیے گئے