پاکستان تحریک انصاف اپر دیر کے رہنما اور سابق قومی اسمبلی امید وار حلقہ این اے 5 نوید انجم خان نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکال کر مسلح افواج اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسين پیش کیا۔
ریلی کے شرکاء سے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے نوید انجم خان نے کہا کہ 27فروری 2019ء کو پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی غرور اور تکبر کو خاک میں ملا دیا ۔نہتے مسلمانوں کو قتل کرنے والے بزدل مودی کو پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف جو ہاتھ بڑھے گا اس کو کاٹ دیں گے۔
شرکائے ریلی سے خطاب کے دوران نوید انجم خان نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کےلئے ہر لمحہ تیار ہے۔ بھارتی طیارے مار گرانے اور انڈین پائلٹ کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک مسلح افواج کو ہم خراجِ تحسین پیش کرتےہیں۔
گزشتہ برس 26 فروری کو چوروں کی طرح بھارت نے پاک سر زمین پر وار کرنے کی ناکام کوشش کی جبکہ پاکستان نے بھارت کا غرور وتکبر خاک میں ملا دیا اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ ہماری تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا دشمن کی بڑی غلطی ہے جبکہ پاکستان کے غیور، بہادر اور نڈر عوام افواج کے ساتھ سینہ سپر ہیں۔
افواج پاکستان نے ثابت کر دیا کہ ہم ہر جارحیت کا مقابلہ اور وطن کا دفاع کرنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔27فروری کو ایک بار پھر افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اگر مستقبل میں انڈیا نے دوبارہ ایسی حماقت کی تو ایک بار پھر پوری قوت سے دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
ریلی کے ساتھ ساتھ تاریخی موقعے پر گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پاک فوج کی طرف سے چائے پلانے کی یاد میں شہریوں کو پاک فوج ٹی بھی پلائی گئی۔شرکائے ریلی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جبکہ پاک فوج اور حکومت کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سرپرائز ڈے کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے جوانوں کوخراجِ تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ میں پاک فضائیہ کو بالخصوص اور قومی مسلح افواج کو بالعموم خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: شعیب اختر کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین