لاہور میں کورونا وائرس کے باعث رہنما پی ٹی آئی و معروف سماجی شخصیت میاں اخلاق احمد عرف گڈو کا انتقال ہوگیا جو کچھ دنوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی و سماجی رہنما اخلاق احمد گڈو کا انتقال گزشتہ روز لاہور کے نجی ہسپتال میں ہوا جبکہ ان کی نمازِ جنازہ داتا دربار مسجد کے سابق خطیب علامہ مقصود احمد قادری نے پڑھائی۔
معروف سیاسی وسماجی رہنما میاں اخلاق گڈو کی نمازِ جنازہ منٹ اسٹاپ داروغے والا میں پڑھائی گئی جس میں بڑی تعداد میں مشہور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں تحریکِ انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ علمائے کرام علامہ اصغر عارف چشتی، مولانا ضیاء الدین اور علامہ عبدالمصطفیٰ چشتی سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔
مرحوم میاں اخلاق احمد گڈو کی رسمِ قل خوانی آج نمازِ عصر کے بعد ہوگی۔ مرحوم کی رہائش گاہ منٹ اسٹاپ داروغے والا میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات رسمِ قل میں شریک ہوں گی۔