کراچی :پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان سمیت تحریک انصاف کے سینئر ممبران نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سےملاقات کی اورشہر کراچی میں این ڈی ایم اے کی صفائی مہم کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےکراچی کے حوالے سے فوری نوٹس پرمشکور ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کراچی کے عوام کا درد محسوس کرتے ہیں اور کراچی کے عوام کے لیے فکر مند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا این ڈی ایم اے کو کراچی میں طلب کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بھی مشکور ہیں وہ کراچی کی عوام کے لیے کھڑے ہیں۔
خرم شیر زمان نے بتایا کہ این ڈی ایم اے شروع میں کراچی کے تین بڑے نالے صاف کرے گا، چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہوگی ،وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو گندگی اورغلاظت سے پاک کرنےکا عزم رکھتے ہیں، عوام بھی اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں کردار ادا کریں، کچرہ صرف مخصوص جگہ پر جمع کریں اورعیدکے موقع پر نالوں میں آلائشیں اور کچرا نہ پھینکا جائے ۔
علاوہ ازیں خرم شیر زمان نےعید کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سنت ابراہیمی ؑکی ادائیگی میں غریب و مستحقین کو یاد رکھا جائے، حکومت عیدالاضحی پر سیکورٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کرے اورعوام اپنی حکومتوں سے تعاون کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔
مزید پڑھیں:وفاقی حکومت کسی صورت کراچی کے عوام کو تنہاء نہیں چھوڑے گی، گورنر سندھ