کراچی: شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پاور شو جاری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ آپ کو غلام رکھنے کی سازش ہوئی ہے، میر جعفر کو مسلط کردیا گیا۔
جلسہ گاہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور عمران خان کی ہدایت پر شرکا تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ قومی پرچم بھی لے کر آئے ہیں۔
عمران خان کا تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی والو یہ گراؤنڈ بہت چھوٹی پڑ گئی ہے، عوام بہت زیادہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈیزل کی قیمتیں کم تھیں، یہ اب واپس ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جنرل مشرف نے جیل میں ڈالا، کیونکہ میں پاکستان کی آزادی کی جنگ لڑ رہا تھا، میں نے کبھی قوم کو شرمندہ نہیں کرایا، کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کیا، کبھی میرا نام میچ فکسنگ میں نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال بنایا جہاں غریب مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ جب میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی مجھے اس کا پہلے ہی پتہ چل گیا تھا کہ میچ فکس ہوگیا ہے۔ رات 12بجے عدالتیں کھولی گئیں، میرے دل میں ساری زندی یہ بات رہ جائیگی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کے پرائم منسٹر کو دھمکی مل رہی تھی کہ عدم اعتماد کامیاب ہوگی تو ہم تعلقات اچھے رکھیں گے، انہیں پتہ تھا کہ کس نے آنا ہے، وہ جوتے پالش کرنے کا ماہر ہے، چیری بلاسم۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ عوام کا ووٹ لے کر آئیں اور 20، 20کروڑ کے عوض اپنا ضمیر بیچ دیں؟ یہ کونسا مذاق ہے؟
عمران خان نے کہا کہ آپ نے ان ضمیر فروشوں کو کبھی معاف نہیں کرنا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے با شعور شہریوں جتنے لوگ بھی آج یہاں موجود ہیں، میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر یہ سازش کامیاب ہوجاتی ہے تو یہ یاد رکھنا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم کبھی امریکا کی دھمکی کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا۔
سابق وزیر اعظم کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 3 سے 4 مہینے پہلے پتہ چلا کہ امریکی سفارتخانے نے اپوزیشن کے لوگوں سے ملنا شروع کیا اور جو لوگ ضمیر بیچ کر لوٹا ہوئے تھے ان سے بھی ملاقاتیں شروع کیں، سازش میں شامل صحافیوں کی بھی ملاقاتیں امریکی سفارتخانے میں ہوئیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں اس ملک کا میر جعفر نہیں ہوں، میں یہ نہیں کرسکتا تھا کہ پیسہ خرچ کرکے ضمیر فروشوں کو واپس خرید وں، انہوں نے کہ اگر میں بھی رشوت دیکر حکومت بناؤں تو اپنے خدا کو کیا جواب دوں گا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کبھی بھی اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرنا۔