کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے 25جولائی یوم تشکر کے طور پر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹریٹ”انصاف ہاؤس“میں عام انتخابات میں تاریخی فتح کے دن بھرپور جشن کا اہتمام کیا گیا۔
منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی کی قیادت، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، تنظیمی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پارٹی رہنماؤں نے یوم تشکر کے موقع پر کیک کاٹا اور وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کی کامیابی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی عوام کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو تاریخی فتح دلوائی۔
انہوں نے کہا کہ 25جولائی 2018 وہ دن تھا جس دن تحریک انصاف نے عام انتخابات میں عوام کی حمایت سے چوروں اور لٹیروں کے تخت اکھاڑ کر اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی دوسالہ حکومت کے دوران عوام کی فلاح اور ملکی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔
معیشت کی بحالی ہو یا قرضوں کی ادائیگی، تعلیمی نظام سے لے کر صحت کے نظام تک پی ٹی آئی حکومت نے ہر شعبے میں اصلاحات لا کر اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے دو سالہ دور حکومت میں کرنٹ اکاونٹ خسارے میں ریکارڈ کمی آئی، ہم نے کفایت شعاری مہم کے ذریعے غیر ضروری حکومت اخراجات کو ختم کیا۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں اب تک 22بلین براہ راست قرضوں کی ادائیگی کی گئی۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا گیا جس کے ذریعے ملک کو 8018میگا واٹ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی بدولت پاکستان نے اپنی پوزیشن بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم کی ہے۔ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء سے بچاؤ کے لئے حکومت نے بہترین اقدامات کئے۔
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت لاکھوں خاندانوں کو 12ہزار روپے کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ یہ پی ٹی آئی کی حکومت کے ایسے اقدامات ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
مخالفین کی بیان بازیاں او ر اوچھے ہتھکنڈے ہمیں ملک اور قوم کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتے۔ اپوزیشن جماعتیں بلا تفریق احتساب کے عمل سے اس لئے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں آج کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر اس لیے منا رہی ہیں کیونکہ آج کے دن ان کی کرپشن کا خاتمہ ہوا تھا۔