لندن: پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی سے ملک کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا اور غیر مستحکم معیشت چھوڑ کر گئی ہے۔
گزشتہ روز ایک نجی چینل کو انٹرویو کے دوران سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے جب حکومت چھوڑی تھی تو پاکستان کی معیشت تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی، پی ٹی آئی کو ایک مستحکم معیشت ملی تھی لیکن پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی سے ملک کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا اور غیر مستحکم معیشت چھوڑ کر گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت جو ملک میں مسائل ہیں اُن پر ہماری حکومت قابو پانے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ پلک جھپکتے ہی سب ٹھیک ہوجائے، مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارا مقصد مہنگائی روکنا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ سوئچ آن کریں اور سب ٹھیک ہوجائے۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کی غلطیوں کی سزا عوام کو نہیں دینی چاہیے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کردیں، کوشش کریں گے کہ اخراجات کم کریں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اتحادیوں سے بات چیت شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبوں سے بھی بات چیت کی جارہی ہے، جو صوبہ پیٹرول کی سبسڈی میں حصہ نہیں ڈالے گا، وہ صوبہ خود اس کا بوجھ برداشت کرے گا، ہماری حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ہم معیشت کو واپس ٹریک پر لے کر آئیں گے اور شرح سود بہتر کریں گے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ڈالر 160 روپے پر لے کر آئیں، شہباز شریف عوام کو ٹارگٹ سبسڈی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جیسا کہ آپ نے دیکھا کہ وزیر اعظم نے آٹے اور چینی پر عوام کو سبسڈی دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کورونا کے دوران غلط اعداد و شمار جاری کیے، حقائق عوام سے چھپائے اور عوام سے جھوٹ بولا۔
یہ بھی پڑھیں: دوسروں کو تماشا بنانے والے خود تماشا بن رہے ہیں، خواجہ سعد رفیق کی پی ٹی آئی پر تنقید