اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی ڈویژن غلام سرور خان نے انٹرنیشنل لیبر ڈے کے دن پاکستان کے مزدور طبقے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کہ مزدور طبقے خاص طور پر این اے 59 اور این اے 63 کے مزدور طبقے کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کرتے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ وہ اور پی ٹی آئی کی حکومت مزدور طبقے کو ان کے حقوق فراہم کرنے میں کوشاں ہے اور اس کہ لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کرونا کی وبا سے معاشرے میں مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اسے مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کا احساس پروگرام مستحق مزدوروں کو با آسانی اور میرٹ کی بنیاد پر مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ مزدور طبقے کو ان کے حقوق میسر ہوں کیونکہ پاکستان کی ترقی میں مزدوروں کا اہم کردار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مزدور طبقہ زندگی کہ ہر شعبے میں اولین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پی او ایف کے مزدوروں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے اور ہر مشکل وقت میں پی ٹی آئی نے ہمیشہ مزدوروں کہ سر پر ہاتھ رکھا ہے۔ پی او ایف کے مزدور کا اسٹیٹس سول سرونٹ کا ہی رہے گا اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔
پی اوایف انتظامیہ سے امید کرتے ہیں کہ حکومتی احکامات کومن و عن تسلیم کرتے ہوئیکلیریکل کی اپگریڈیشن جو 2016 سے زیر التوا ہے اسکا ڈیلی آرڈر پارٹ ون کیا جائیگا۔ اس موقعہ پر وفاقی وزیر نے اپنے حلقے کے مزدوروں کی بہتری کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مزدور طبقہ جو بیرون ملک رہائش پزیر ہے وہ ترسیلات زر کے زریعے پاکستان کہ لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترسیلات زر پاکستان کہ لیے سب سے بڑی سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں بلکہ ایک بہتر پاکستان کی تعمیر کے لئے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔
غلام سرور خان نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف اقتدار میں آئی ہے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیر اعظم پاکستان کے وژن پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے پاکستانی بیرون ملک پھنس چکے ہیں کیونکہ کوروناکی وبا کی وجہ سے ان کی ملازمت ختم ہوگئی ہے یا ویزا ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاکہ ہنگامی بنیاد پر ان تمام پاکستانیوں کو واپس لایا جا سکے۔