کراچی:صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ کے 14 سال سے محروم عوام اب عمران خان کو اپنا نجات دہندہ مانتے ہیں، آج و زیر اعظم عمران خان کی صدارت میں اراکین کا وڈیو لنک پر اجلاس منعقد ہوا تھا۔
خرم شیر زمان نے بتایا کہ وزیراعظم کا اس ہفتے کے آخر میں کراچی کا دورہ متوقع ہے،وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم کراچی کی تاجر برادری کے لیے فکرمند ہیں۔
وزیر اعظم اس ہفتے لاک ڈاؤن میں نرمی کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کراچی کی صورتحال کا جائزہ لیا،وزیراعظم کراچی کے شہریوں کے لیے احساس پروگرام کے تحت مزید پیکیجز کا اعلان کریں گے۔
وزیراعظم براہ راست مزدور طبقے اور کاروباری شخصیات کو سہولیات دینا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت بن چکی ہے۔
سندھ و کراچی کے لوگ لاک ڈاؤن میں مشکلات کا شکار ہو کر تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں،گزشتہ 14 سال سے سندھ کے عوام کو سوائے محرومیوں اور ناکامیوں کے سواء کچھ نہیں ملا ہے۔
خصوصاََ کراچی سے توتمام بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اس مشکل دور میں کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔