لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے مشہور و معروف ڈرامہ نگار و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کی ماروی سرمد کے ساتھ نازیبا گفتگو کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ تحریکِ انصاف کی رکنِ اسمبلی بیرسٹر ملیکا بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں خلیل الرحمان کے رویے کی مذمت بھی کی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی ملیکا بخاری نے کہا کہ ماروی سرمد کے ساتھ نازیبا گفتگو، عورت بیزار رویے اور تضحیک کے باعث خلیل الرحمان قمر شدید مذمت کے مستحق ہیں۔
رکنِ قومی اسمبلی بیرسٹر ملیکا بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف سیاسی تضادات بالائے طاق رکھتے ہوئے ہر ایسے فرد کے خلاف کارروائی کرے گی جو خواتین کی کوئی عزت نہیں کرتا۔
بیرسٹر ملیکا بخاری نے کہا کہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے یہ ثابت کیا کہ وہ خواتین کی عزت نہیں کرتے۔ وہ خود اپنی ہی صنف اور پیشے کے لیے باعثِ شرم ہیں۔
The abusive, misogynistic & demeaning vilification of Marvi Sirmid calls for a strong condemnation & action against Khalil ur Rahman. PTI irrespective of political diff would boycott an indiv like him who has no respect for women. He is a disgrace to his gender & profession.
— Maleeka Ali Bokhari (@MalBokhari) March 4, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی فلم اسٹار ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمرکی نجی ٹی وی شو میں نازیبا گفتگو پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ میں نے دیکھا اور سنا وہ مجھے پریشان کردینے کیلئے کافی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد کی نازیبا گفتگو کو دیکھ کر شدید کوفت ہوئی۔
مزید پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کے معاملے پر ماہرہ خان خاموش نہ رہ سکیں