اسلام آباد:پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے روس سے سستا تیل نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ اتحادی حکومت کو امریکا کا غلام قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیٹر اور سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کیلئے مشکلات پیدا کررہی ہے۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر بڑا اضافہ کردیا
سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت کو پیٹرول پر موٹر سائیکل اور ٹیکسی چلانے والے افراد کو سبسڈی دینی چاہئے۔ وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت بہت زیادہ بڑھا دی ہے۔ تمام چیزیں مہنگی ہوجائیں گی۔
سینیٹر شوکت ترین نے کہا کہ سینیٹ اجلاس میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔ ہم کئی روز سے کہہ رہے ہیں کہ حکومت روس سے سستا تیل خریدلے۔ اگر یہ لوگ روس سے تیل خریدتے تو آج قیمتیں نہ بڑھتیں۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے گزشتہ 15 روز میں پیٹرول پر 84 جبکہ ڈیزل پر 120 روپے کا تاریخی اضافہ کیا ہے جو بد ترین مہنگائی کا خودکش حملہ ہے۔
تحریکِ انصاف رہنما فرخ حبیب نے موجودہ حکومت کے پیٹرولیم مہنگا کرنے کے اقدام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلام حکومت روس سے سستا تیل نہیں خرید رہی۔ قیمت پاکستان کے عوام ادا کر رہے ہیں۔