اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تحریک عدم اعتماد میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد ملک بھر کے شہروں اور اضلاع میں عوامی رابطہ مہم چلانے اور پرامن احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو بنی گالہ میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، جہاں پارٹی قیادت نے اپوزیشن میں کارکردگی دکھانے اور فعال کردار ادا کرنے اور ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کی مہم کا آغاز کرنے کے لیے منگل 12 اپریل کو پشاور میں بڑے پیمانے پر عوامی اجتماعات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے بھی اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔ پارٹی کی جانب سے شروع کی جارہی عوامی رابطہ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین عمران خان نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں اقتدار سے ہٹانے کی غیر ملکی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے نکلیں۔
کور کمیٹی نے پارٹی میں انتظامی تقرریاں بھی تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اراکین نے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: غیر ملکی سازش کے خلاف جدوجہد آزادی کیلئے پر عزم ہوں، عمران خان