اسلام آباد: تحریک انصاف نے بدھ کو اقوام متحدہ کو ایک خط بھیجا ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی طرف پارٹی کے لانگ مارچ کے دوران ”ریاستی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ” کی ”آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات” کرے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ خط انسانی حقوق کی سابق وزیر اور پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے متعلقہ حکام کو لکھا تھا۔
خط میں شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے حکام کو بتایا کہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ سے برطرفی کے بعد سے پاکستان ایک ”سیاسی بحران“ میں گھرا ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جگہ ایک ایسے سیاستدان نے لے لی جو ”منی لانڈرنگ کے متعدد مقدمات میں ملوث ہے اور ضمانت پر رہا ہے”۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مارچ کرنے والوں کے خلاف ”جابرانہ اقدامات” کیے ہیں۔
اقوام متحدہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے سندھ اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جنہیں ”رینجرز کی حمایت” حاصل تھی۔
حکومت کے چھاپوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، سابق وزیر نے لکھا کہ حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اور ”پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں غیر مسلح اور پرامن شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا”۔
مزید پڑھیں:لانگ مارچ میں توڑ پھوڑکا معاملہ، شیخ رشید کی دو مقدمات میں ضمانت منظور