کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد تیزی کا رجحان غالب آگیاجس سے کے ایس ای100انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 481.79پوائنٹس کے اضافے سے 40270.52پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز کاروباری کا آغازمنفی زون میں ہوا جس کے سبب ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس 39664.26پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے معاشی صورتحال میں استحکام آنے کے پیش نظر منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کردی جس سے مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوئی ۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے40307پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا بعد میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 481.79پوائنٹس کے اضافے سے 40270.52پوائنٹس پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بلومبرگ نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دے دیا
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس195.46پوائنٹس کے اضافے سے18399.67پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس3 15.80پوائنٹس کے اضافے سے28434.53پوائنٹس ہو گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر401کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے294کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،87میں کمی اور 20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں82ارب 33کروڑ43لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر76کھرب65ارب 27کروڑ11لاکھ روپے ہو گیا ۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے باٹا پاک کے بھاومیں101.02روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکی حصص قیمت 2149.49روپے ہو گئی اسی طرح 100روپے کے اضافے سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت 7ہزارروپے پر جا پہنچی۔
آئی لینڈ ٹیکسٹائیل اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب 73.80روپے اور64.50روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میںآئی لینڈ ٹیکسٹائیل کے حصص کی قیمت گھٹ کر1412روپے اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت کم ہو کر6750روپے پر آ گئی۔
نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے یونٹی فوڈز ،لوٹی کیمکل ،کے الیکٹرک ،،فوجی فوڈز،میپل لیف ،ٹی آر جی پاکستان ،پاک الیکٹران ،بینک اسلامی ،نیمر ری سنز اور ڈی جی خان سیمنٹ کے حصص سرفہرست رہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے پیش نظر ایم ایم سیکیورٹیز کے سینئر ایکویٹی آفیسر عمران علوی کے مطابق ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا کاروربار کی طرف مثبت رجحان بڑھا ہے۔
ایکوٹی سیلز آفیسر عمران علوی نے کہا کہ سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کے مختلف شعبوں، بالخصوص آئل سیکٹر، فارماسوٹیکلز اور ریفائنری میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جبکہ آج اٹک پٹرولیم، پی ایس او اور شیل پاکستان کے شیئرز میں زیادہ سرمایہ کاری کی گئی۔
عمران علوی نے کہا کہ فرٹیلائزر سیکٹر کی اینگرو کارپوریشن میں مندی بھی دیکھنے میں آئی جبکہ اینگرو فرٹیلائزر، فاطمہ فرٹیلائزر اور فوجی فرٹیلائزر کے شیئرز کوئی قابلِ ذکر اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان آئندہ دنوں میں برقرار رہے گا جس کے دوران عین ممکن ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 41 اور 42 ہزار کی حد بھی جلد عبور کر جائے جبکہ حکومت کی طرف سے اگلی مانیٹری پالیسی میں شرحِ سود میں متوقع کمی کے باعث بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔