پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیشنل بینک کا بطور مارکیٹ میکر خیر مقدم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PSX organizes a gong event to welcome the National Bank

کراچی:نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے پی ایس ایکس میں درج گورنمنٹ سیکیورٹیز کے لیے این بی پی کو بطور ’مارکیٹ میکر‘ آن بورڈ کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایکس ٹریڈنگ ہال میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران، پی ایس ایکس نے این بی پی کی سینئر مینجمنٹ ٹیم کا خیرمقدم کیا اور ایکسچینج میں تجارتی دن کی شروعات پر گونگ پرضرب لگا کر کارروائی کا آغاز کیا۔

تقریب میں صدر این بی پی جناب عارف عثمانی، ایم ڈی اور سی ای او پی ایس ایکس جناب فرخ ایچ خان، گروپ چیف این بی پی ٹریژری اینڈ کیپٹل مارکیٹس جناب محمد اسماعیل یوسف سمیت دونوں تنظیموں کی سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔

پی ایس ایکس میں بطور مارکیٹ میکر نیشنل بینک کا خیرمقدم کرتے ہوئے، ایم ڈی پی ایس ایکس جناب فرخ خان نے کہا کہ، ”ہم پی ایس ایکس میں ڈیبٹ سیکیورٹیز کے لیے آٹھویں مارکیٹ میکر کے طور پر نیشنل بینک آف پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ کی ترقی اور نمو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ایک اہم اسٹریٹجک مقصد ہے۔ یہ کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ پلان کا ایک اہم پہلو بھی ہے کیونکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایک بڑی اور لیکویڈ ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ ناگزیر ہے۔ان ہی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس نے حال ہی ریگولیٹری تبدیلیوں کی اجازت دی ہے جس کے تحت اب بینکس بھی مارکیٹ میکر بننے کے اہل ہیں“۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ، ”پی ایس ایکس میں ڈیبٹ سیکیورٹیز کے لیے مارکیٹ میکر کی حیثیت سے،پاکستان کے سب سے اعلیٰ درجے کے بینکوں میں سے ایک نیشنل بینک آف پاکستان کی شمولیت ایک قابل فخر اور اہم موقع ہے، بینکوں اور کیپٹل مارکیٹس کے مابین جاری تعاون کے ذریعے پاکستان کی ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ کی ترقی، پھیلاؤ او ر وسعت میں مزید اضافہ ہوگا“۔

بطور مارکیٹ میکر این بی پی کو جو نیا کردار ادا کرنا ہے اس بارے میں بات کرتے ہوئے، نیشنل بینک کے صدر اور سی ای او جناب عارف عثمانی نے کہا کہ، ”آج پی ایس ایکس کے پلیٹ فارم پر این بی پی کی بطور مارکیٹ میکرآمد ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ مارکیٹ میکر کا درجہ پانا این بی پی کے لیے ایک اہم لمحہ ہے اور ہم اس موقع کے لیے پی ایس ایکس کے شکر گزار ہیں۔

گونگ تقریب کے سلسلے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج آنا باعث مسرت ہے، جواین بی پی اورپی ایس ایکس کی جانب سے پاکستان میں ڈیبٹ اورکیپٹل مارکیٹس کو وسعت دینے اور مالی وساطت کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کو ظاہر کرتاہے۔

این بی پی پاکستان میں ڈیبٹ سیکیورٹیز مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن چینلز کی حوصلہ افزائی کر کے ڈیبٹ سیکیورٹیز کے لیے سرمایہ کاری کی بنیاد کو متنوع بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم رکھتا ہے“۔

انھوں نے مزید کہا کہ، ”ہمیں یقین ہے کہ این بی پی، مارکیٹ میکر کی حیثیت سے، ڈیبٹ مارکیٹ کی وسعت میں اضافہ کرے گا اور لیکویڈٹی فراہم کرے گا جو کہ ایک موثر اور متحرک مارکیٹ کے کام کرنے کے حوالے سے اہم ہے۔

معیشت کی ترقی کے لیے ایک بہتر ترقی یافتہ ڈیبٹ مارکیٹ اہمیت کا حامل ہے اور این بی پی اس مقصد کے تحت کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے کیونکہ بینک کا ویژن ہے کہ معیشت کو پائیدار نمو اور جامع ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔مارکیٹ میکر کے سلسلے میں ہونے والے اقدامات کے باعث بڑے پیمانے پر سرمایہ کاروں کو گورنمنٹ ڈیبٹ مارکیٹ میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔

اس سے مقامی وسائل کو متحرک اور ان کو موثر انداز میں پیش کرکے کیپٹل مارکیٹ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ ہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں اور مقامی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے ہونے والی کوششوں کو فروغ دیتے رہیں گے،جو مارکیٹ کے تمام شرکا کے مفاد میں ہے۔

مارکیٹ میکر سرمایہ کاروں کو دو طرفہ قیمتوں کے تعین، یعنی بولی لگانے اور قیمتوں کی پیش کش کے ذریعے سیکیورٹیز خریدنے اورفروخت کرنے کی سہولت فراہم کرکے مارکیٹ کو لیکویڈیٹی اور وسعت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Related Posts