پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز تیزی دیکھی گئی، کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوئی ،کے ایس ای 100 انڈیکس 279 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 112023 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پیر کے روز کاروباری دن کے اختتام پر مارکیٹ مندی کا شکار رہی، جب کے ایس ای100 انڈیکس 341اعشاریہ 76 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 111743اعشاریہ 53 پوائنٹس پر بند ہوا جو کہ گزشتہ جمعہ کے 112085اعشاریہ 29 پوائنٹس کے مقابلے میں 0اعشاریہ 3 فیصد کی منفی تبدیلی ظاہر کرتا ہے۔
کاروباری دن کے دوران کل 13291831543 شیئرز کا لین دین ہواجو کہ پچھلے کاروباری دن کے 457اعشاریہ 04 ملین شیئرز کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اسی طرح حصص کی مجموعی مالیت 295اعشاریہ 52 ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ کاروباری روز یہ رقم 23اعشاریہ 21 ارب روپے تھی۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 434 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا جن میں سے 130 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ہوا، 234 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی آئی، جبکہ 70 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز بھی مارکیٹ کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا تھا اور ابتدائی طور پر 400 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تاہم فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ یہ تیزی برقرار نہ رکھ سکی۔
ایک موقع پر انڈیکس 112524اعشاریہ 80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم بعد میں کمی واقع ہوئی اور انڈیکس 111513اعشاریہ 66 پوائنٹس تک گر گیا لیکن کچھ حد تک ریکوری کے بعد دن کے اختتام پر 111743اعشاریہ 53 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ریفائنریز شامل ہیں۔
مزید برآں بھاری سرمایہ کاری رکھنے والی کمپنیوں جیسے کہ پی آر ایل ، این آر ایل ، پی ایس او ، شیل ، ایس این جی پی ایل ، ماری ، او جی ڈی سی ، پی پی ایل ، ایچ بی ایل ، ایم سی بی ، میزان بینک اور نیشنل بینک کے شیئرز منفی زون میں رہے۔