کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری روز کے دوران مندی کا رجحان دیکھنے کو ملا۔
کے ایس ای 100انڈیکس 137 پوائنٹس کی کمی، 0.33 فیصد کی منفی تبدیلی کے ساتھ 41,948 پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 136 کے بھاؤ میں اضافہ اور 180 کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 28 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 7 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 30 کروڑ 30 لاکھ ڈالر گر کر 7 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ کی تین سال کی کم ترین سطح پر آگئے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں بشمول تجارتی قرضوں، سود اور یورو بانڈز کی ادائیگیوں کی وجہ سے ذخائر میں کمی واقع ہوئی۔