کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
ملتان کی اننگز
ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اوپنر کرس لین دوسرے ہی اوور میں 1 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار ہوگئے۔
ان کے بعد جیمز وِنس اور کپتان رضوان نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم جیمس ونس 52 کے مجموعی اسکور پر 16 رنز بنا کر لوئس گریگوری کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
جیمز ونس کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان سلطانز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، روسو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، صہیب مقصود اور خوشدل شاہ بالترتیب 2 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس دوران محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 53 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر 140 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد شاہد آفریدی کو بھی محمد وسیم نے پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا، جب کہ سہیل تنویر بھی 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد کی جانب سے محمد وسیم نے 3، لوئس گریگوری نے 2 اور حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانزکو کم رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے،ہمارے پاس بیٹنگ لائن اچھی ہے، پچ بھی کافی اچھی لگ رہی ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ آئے ہیں اور ہم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لوئس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم پر مشتمل ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، کرس لین، جیمز وِنس، روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، محمد عمر اور صہیب اللہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 151 رنز کا ہدف دے دیا